Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

بھارت میں ٹریفک حادثہ، بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد ہلاک

Calender Icon اتوار 29 نومبر 2026

بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں مسافر گاڑی خوفناک حادثے(Accident) کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور 4 خواتین سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

حادثے میں مرنے والے تمام افراد کا تعلق بھارتی ریاست جھار کھنڈسے تھا۔ مذہبی تقریب میں شرکت کے لئے جارہے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اتوار کی علی الصبح تقریباً 2 بجے ضلع رام گڑھ میں نیشنل ہائی وے 33 پر پیش آیا، اسکارپیو میں سوار تمام 14 افراد کا تعلق ریاست بہار کے ضلع نالندہ کے گاؤں جنگھارو سے تھا، جو مذہبی عبادت کے لیے جھارکھنڈ کے علاقے راجرپا جا رہے تھے۔

حادثے کے بعد مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے گاڑی میں پھنسے افراد کو باہر نکالا۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کو علاج کے لیے صدر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزیدپڑھیں:میانمار میں شادی کی تقریب اور اسکول پر فوج کے حملے، 41 افراد ہلاک، 35 زخمی

ضلع کے ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق 13 افراد کو اسپتال مردہ حالت میں لایا گیا، جبکہ ایک زخمی کا علاج جاری ہے۔ زخمی کی حالت کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

واضح رہے کہ جھارکھنڈ میں یہ حادثہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں پیش آنے والا دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 5 نومبر کو ضلع کھونٹی میں تیز رفتار ٹریلر ٹرک نے خواتین اور بچوں کے ایک گروپ کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 خواتین اور 3 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ افراد ایک اسکوٹر سوار کی مدد کے لیے سڑک کنارے جمع ہوئے تھے کہ تورپا کی جانب سے آنے والے تیز رفتار ٹریلر نے انہیں روند ڈالا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور اور اس کا معاون فرار ہوگئے تھے۔ مقامی افراد نے الزام لگایا تھا کہ ڈرائیور نشے میں تھا۔

واقعے کے بعد شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کردی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے معاوضے، فرار ڈرائیور کی گرفتاری اور سڑک پر حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔ بھارتی صدر دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔