ڈیوائن جانسن المعروف دی راک نہ صرف ہالی وڈ بلکہ ریسلنگ کی دنیا میں بہت مشہور ہیں۔
1996 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ذریعے ریسلنگ رنگ میں قدم رکھنے والے دی راک نے بظاہر 30 سال بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
28 نومبر کی شب ڈبلیو ڈبلیو ای سروائیور سیریز کے دوران دی راک ریسلنگ کی دنیا میں 30 سال مکمل ہونے پر آئے تھے۔
اس موقع پر لوگوں سے خطاب کرنے کے بعد انہوں نے ریسلنگ رنگ کے درمیان مائیکرو فون اور دھوپ کا چشمہ رکھ کر ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا۔
خیال رہے کہ پیشہ ورانہ ریسلنگ کی دنیا میں یہ ایک روایتی علامت سمجھی جاتی ہے کہ جب کوئی ریسلر اپنی خاص چیزیں (جیسے جوتے، دستانے یا چشمہ) رنگ میں چھوڑ کر جاتا ہے، تو وہ ریسلنگ کو الوداع کہہ رہا ہوتا ہے۔
دی راک نے 1996 کے سروائیور سیریز میں اپنا ڈیبیو کیا تھا، اور اس ایونٹ میں انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنے 30 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔
انہوں نے مداحوں، اپنے ساتھی ریسلرز اور خاص طور پر ایونٹ وینیو کی فرنٹ رو (front row) میں بیٹھی اپنی والدہ (آٹا جانسن) کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔
سیگمنٹ کے آخر میں انہوں نے اپنا مشہور جملہ ‘If you smell what The Rock is cooking’ بولا اور پھر خاموشی سے اپنا چشمہ اور مائیک رنگ کے درمیان میں رکھ کر واپس چلے گئے۔
دی راک نے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔تقریر کے آغاز میں بھی دی راک نے کہا تھا کہ وہ کوئی بڑا اعلان کرنے نہیں آئے بلکہ صرف مداحوں کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔
تاہم ان کے اس علامتی انداز نے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ شاید اب وہ دوبارہ کبھی ریسلنگ رنگ میں مقابلہ کرتے نظر نہ آئیں۔
10 مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ رہنے والے 2000 کی دہائی سے ہی ریسلنگ کے رنگ سے دور ہیں اور بہت کم ہی کوئی مقابلہ کرتے نظر آتے ہیں۔
مزید پڑھیں:2026 عالمی سطح پر اسمارٹ فونز کی فروخت میں تاریخ کی بدترین کمی ریکارڈ
البتہ کمنٹری ٹیم میں موجود مائیکل کول نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دی راک کا سفر اس طرح ختم نہیں ہو سکتا۔اس طرح ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے اشارہ دیا گیا کہ مستقبل میں دی راک کی رنگ میں واپسی کا دروازہ کھلا ہے۔













اتوار 29 نومبر 2026 
