پاکستان میں شفاف بجلی مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کے قیام کی جانب بڑا قدم

Calender Icon جمعہ 19 ستمبر 2025

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں کئی دہائیوں سے زیر التوا بجلی کی شفاف خرید و فروخت کی مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ 800 میگاواٹ وِیلنگ ڈیمانڈ کے لیے آکشن فریم ورک متعارف کروایا جا رہا ہے جو ملک میں بجلی کی مسابقتی مارکیٹ کے عملی آغاز کی بنیاد ثابت ہوگا۔

اسلام آباد میں منعقدہ مسابقتی عمل کے فریم ورک سے متعلقہ ورکشاپ کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ سی ٹی بی سی ایم اصلاحات پاکستان کے توانائی مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ان کے مطابق اس نظام سے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور صارفین کو مسابقتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ برآمدی شعبے کو سستی اور قابل تجدید توانائی فراہم کی جائے گی جبکہ بڑے صنعتی صارفین براہِ راست شفاف مارکیٹ سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے سال 2025-26 کو صارفین کی خدمت کا سال** قرار دیا ہے اور آزاد خرید و فروخت مارکیٹ کا قیام صارفین کی سہولت اور ان کے مفادات کے تحفظ کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔

توانائی ماہرین کے مطابق پاکستان میں شفاف بجلی مارکیٹ کا قیام نہ صرف سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ ملک کے توانائی شعبے کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔