وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے

Calender Icon جمعہ 19 ستمبر 2025

لندن(انٹرنیشنل ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سینٹرل لندن میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے، وہ لندن میں چار دن قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم ہفتے کے روز اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

شہباز شریف لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچے، اس سے پہلے وہ کچھ دیر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا رکے تھے اور وہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی۔

ذرائع کے مطابق انھوں نے پاک سعودی عرب تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔

نواز شریف علاج کے لیے ان دنوں جنیوا میں موجود ہیں اور ان کا آئندہ چند روز میں لندن آنے کا امکان ہے۔

قریبی ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے ساتھ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عطا تارڑ بھی لندن پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کیے ہیں۔

مذکورہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے، خطے اور دنیا میں امن کے حصول کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، موجودہ اور متوقع خطرات و چیلنجز کے تناظر میں یہ معاہدہ دفاع کو مضبوط بنائے گا۔

معاہدہ دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کی تیاری اور انضمام کو بڑھائے گا، معاہدے سے دونوں ممالک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔

معاہدے کی شقوں کے تحت کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہو گا۔