راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ،11نئے کیسز رپورٹ

Calender Icon پیر 3 نومبر 2025

راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد رواں سیزن میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1372 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق، اس وقت 35 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ زیادہ تر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے مجموعی طور پر 17 لاکھ 81 ہزار 469 مقامات کا معائنہ کیا، جن میں سے 2 لاکھ 29 ہزار 761 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔محکمہ صحت کے مطابق، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 4752 مقدمات درج کیے گئے، 1910 مقامات کو سیل کیا گیا، جبکہ 3672 چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 13 لاکھ 54 ہزار 7 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔