پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کنواری کالونی، منگھوپیر روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔رینجرز ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت زید اللہ ، نور زادہ اور حضرت عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ تینوں ملزمان خوارجی امیر شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی ہیں۔ترجمان کے مطابق، ملزمان علاقے کے افراد کے موبائل نمبرز شمس القیوم کو بھتہ وصولی کے لیے فراہم کرتے تھے، جبکہ انہوں نے کنواری کالونی میں منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی اور لینڈ گریبنگ میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔مزید تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم نور زادہ اور حضرت عثمان کے بھائی بھی اسی گروہ کے کارندے تھے جو سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔رینجرز ذرائع کے مطابق، ملزم زید اللہ عرف زیدو کو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اینٹی نارکوٹکس فورس اے این ایف کو بھی مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
رینجرز سندھ کی کنواری کالونی، منگو پیر روڈ پر کارروائیاں
پیر 3 نومبر 2025












