ممبئی(شوبز ڈیسک)مشہور جنوبی بھارتی اداکار جونئیر این ٹی آر ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تامل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار جونئیر این ٹی آر ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران اسٹنٹ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس واقعے کی تصدیق جونئیر این ٹی آر کی ٹیم کی جانب سے ایک بیان میں کی گئی ہے جس میں ٹیم نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے اداکار کو چند ہفتوں کے آرام کی تجویز دی ہے جس کے بعد وہ دوبارہ کام شروع کر سکیں گے۔
اس بیان میں اداکار کی زخموں یا صحت سے متعلق کوئی واضح تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم ٹیم نے مداحوں کی تشویش دور کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں جونئیر این ٹی آر کی صحت سے متعلق پریشانی کی کوئی بات نہیں وہ ٹھیک ہیں تاہم انہیں اس وقت آرام کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ ساؤتھ کے سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر کو حال ہی میں ریتک روشن کے مدمقابل فلم ’وار 2‘ میں دیکھا گیا تھا۔ مداحوں کی جانب سے بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ کے دونوں اسٹارز کی فلم کو بھرپور پزیرائی ملی ہے۔