بالی وڈ اسٹار گووندا طبیعت اچانک بگڑ نے پر بے ہوش ہوگئے، اسپتال منتقل

Calender Icon بدھ 12 نومبر 2025

بالی وڈ سپر اسٹار گووندا کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں بے ہوش ہوجانے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 61 سالہ گووندا کی گزشتہ رات ان کے گھر پر اچانک طبیعت بگڑگئی جس کے بعد انہیں جوہو کے کریٹیکل کیئر اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

گووندا کے دیرینہ دوست اور قانونی مشیر للت بندل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ‘ گزشتہ شب انہیں گووندا کے گھر پر بے ہوش ہوجانے کی اطلاع دی گئی ، طبیعت اچانک بگڑنے پر گووندا کو اسپتال منتقل کیا گیا، اس دوران ان کے چند ٹیسٹ بھی کیے گئے جن کے نتائج کا انتظار ہے‘ ۔

للت بندل کے مطابق’ گووندا فی الحال ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کی طبیعت بہتر ہورہی ہے‘۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گووندا لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی عیادت کرنے بریچ کینڈی اسپتال پہنچے تھے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی۔