نامناسب تبصرہ کرنے پر بھارتی کھلاڑی جسپریت بمراہ مشکل میں پڑ گئے

Calender Icon جمعہ 14 نومبر 2025

ایڈن گارڈنز میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی دن بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ایک متنازعہ جملے کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما بمراہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو کی اپیل کا سامنا کر رہے تھے۔ گیند باووما کے پیڈ سے ٹکرائی، بمراہ نے بھرپور اپیل کی لیکن امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

امپائر کے فیصلے کے بعد بمراہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی ڈی آر ایس پر غور کر رہے تھے کہ اسٹمپ مائیک پر بمراہ کی مبینہ آواز ریکارڈ ہوگئی جس میں انہوں نے باووما کے قد پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “بونا بھی ہے”، اور اس کے ساتھ ایک گالی بھی دی۔

اسی دوران وکٹ کیپر رشبھ پنت کی جانب سے بھی اسی طرح کے الفاظ ریکارڈ ہوئے جس سے معاملہ مزید سنگین ہوگیا۔

چند ہی لمحوں میں یہ کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور کرکٹ شائقین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔