پاکستان کی پہلی ’نیٹ فلکس‘ اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ یہ سیریز ہم نیٹ ورک کی جانب سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جسے مومنہ درید فلمز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں تین نسلوں اور تین ممالک پر پھیلی چھ محبت کی کہانیاں بیان کی گئی ہیں۔ اس کہانی میں چھ جوڑے محبت اور اس کے نتیجے میں ملنے والے زخموں کے ایسے تجربات سے گزرتے ہیں جو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہوتے ہیں۔مومنہ درید پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی یہ سیریز دنیا بھر میں 4 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
سیریز کے ٹریلر کی لانچنگ تقریب منگل کی شب کراچی کے موہٹہ پیلس میں منعقد ہوئی جس میں ’ہم‘ نیٹ ورک کی بانی و چیئرپرسن سلطانہ صدیقی، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) درید قریشی، سیریز کی ہدایت کار مومنہ درید، سیریز کی کاسٹ، شوبز ستاروں اور مختلف شخصیات نے شرکت کی۔
معروف پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے مقبول ترین ناول پر مبنی اس سیریز کی تخلیق اور ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے، جو پاکستان کی معروف پروڈیوسر ہیں اور ’ہمسفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’داستان‘ اور ’سنو چندا‘ جیسے مقبول ڈرامے پروڈیوس کرچکی ہیں۔
سیریز کی خاص بات اس کی بڑی اسٹار کاسٹ ہے، جس میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، احمد علی اکبر، مایا علی، اقرا عزیز، بلال اشرف، آمنہ شیخ اور خوشحال خان شامل ہیں۔
ان اداکاروں میں سے بیشتر پہلی بار نیٹ فلکس کی کسی سیریز میں نظر آئیں گے۔
سیریز کی کاسٹ میں نادیہ خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد سمیت دیگر معروف اداکار بھی شامل ہیں۔
مومنہ درید فلمز کے بینر تلے بننے والی یہ سیریز پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ پہلی پاکستانی سیریز ہے جسے نیٹ فلکس نے اوریجنل پروڈکشن کے طور پر تیار کرنے کے لیے کمیشن کیا ہے۔
واضح رہے کہ ’نیٹ فلکس اوریجنل‘ سے مراد ایسی فلم یا سیریز ہے جسے نیٹ فلکس خود تیار کرے یا اس کی تیاری کے لیے کسی پروڈکشن کمپنی کو کمیشن دے۔
مزید پڑھیں:مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا 26 سالہ مسئلہ حل ہو گیا، طاہر اشرفی
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی عکس بندی پاکستان کے علاوہ اٹلی اور برطانیہ میں بھی کی گئی ہے، جس سے اس کی کہانی کو بین الاقوامی پس منظر دیا گیا ہے۔













منگل 24 نومبر 2026 
