پاکستان حکومت نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس 29 ستمبر کی شام 5 بجے طلب کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ پارلیمانی امور نے اجلاس بلانے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی جبکہ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف معاہدے سے متعلق پالیسی بیان پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا یہ اجلاس دو ہفتے جاری رہے گا جس میں معمول کا پارلیمانی ایجنڈا، قانون سازی، مختلف بلز اور قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اہم اور تاریخی “اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کی رو سے اگر کسی ایک ملک پر بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اُسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، بلکہ سیکیورٹی تعاون کے میدان میں ایک نیا سنگ میل بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
حکومت کا پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ اس معاہدے کی شفافیت، جمہوری عمل اور عوامی نمائندوں کی شراکت داری کو یقینی بنانے کی سمت ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔












پیر 22 ستمبر 2025 