فخر زمان کا متنازع آؤٹ، پاکستان نے امپائر کے خلاف آئی سی سی کو باقاعدہ شکایت جمع کرا دی

Calender Icon پیر 22 ستمبر 2025

ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں کھیلے گئے پاک بھارت مقابلے میں پیش آنے والا ایک فیصلہ اب عالمی سطح پر موضوعِ بحث بن چکا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے اوپننگ بیٹر فخر زمان کے متنازع آؤٹ پر تھرڈ امپائر روچیرا پلیاگروگے کے خلاف آئی سی سی کو باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے تیسرے اوور میں پیش آیا، جب فخر زمان نے ہاردک پانڈیا کی گیند پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی۔ گیند بظاہر ایج ہو کر وکٹ کیپر سنجو سامسن کی جانب گئی، مگر چونکہ کیچ زمین سے بہت قریب تھا، اس لیے آن فیلڈ امپائرز نے فیصلہ تھرڈ امپائر کو ریفر کر دیا۔

فخر زمان کو اس وقت یقین تھا کہ گیند زمین کو چھو چکی ہے، اسی لیے وہ میدان میں کھڑے رہے اور فیصلے کا انتظار کرتے رہے۔ تاہم، متعدد زاویوں سے ری پلے دیکھنے کے بعد تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا، جس پر فخر چند لمحوں تک حیران و پریشان کھڑے رہے، پھر مایوسی کے ساتھ پویلین واپس چلے گئے۔

میچ کے فوراً بعد کپتان کی میچ رپورٹ میں بھی اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے آئی سی سی کے میچ ریفری، امپائرز اور منیجرز کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا کہ اس فیصلے نے نہ صرف ٹیم کی پوزیشن پر اثر ڈالا، بلکہ میچ کا رخ بھی بدل دیا۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ واپسی پر فخر زمان کی گفتگو بھی کیمروں کی نظر میں آئی، جہاں وہ فیصلے پر نمایاں طور پر حیرت زدہ دکھائی دیے۔ اس متنازع آؤٹ نے سوشل میڈیا پر بھی طوفان برپا کر دیا، جہاں مداحوں اور سابق کرکٹرز نے امپائرنگ کے معیار پر سوالات اٹھائے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی سی سی اس شکایت پر کیا ردعمل ظاہر کرتا ہے، اور آیا مستقبل میں ایسے فیصلوں سے بچنے کے لیے ٹیکنالوجی اور امپائرنگ سسٹم میں بہتری لائی جا سکے گی یا نہیں۔