امریکا کی مزید ملکوں کے شہریوں کے سفر پر پابندیوں کی تیاری

Calender Icon جمعہ 5 دسمبر 2025

امریکا کی سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل ملکوں کی تعداد 19 سے بڑھاکر 30 سے زائد ملکوں تک کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے امریکی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ صدر ٹرمپ جائزہ لے رہے ہیں کہ مزید کون سے ملک ہوں گے جن پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت نے H-1B ویزا درخواست گزاروں اور اِن کے H-4 انحصار کرنے والوں کے لیے اسکریننگ کا دائرہ کار مزید سخت کر دیا ہے۔

امریکی حکومت کی جانب سے H-1B ویزا درخواست گزاروں کے لیے نئی ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز پبلک رکھیں، یہ پالیسی 15 دسمبر سے نافذ ہوگی۔

امریکی حکومت کے مطابق ویزا انٹرویو سے قبل تمام درخواست گزاروں کے آن لائن پروفائلز کا جائزہ لیا جائے گا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزا دینا ایک سہولت ہے، حق نہیں اور ہر درخواست کا فیصلہ قومی سلامتی کے تناظر میں کیا جاتا ہے۔