آشرم میں 17 خواتین کو ہراساں کرنے والا بھارتی بابا فرار

Calender Icon بدھ 24 ستمبر 2025

دہلی کے معروف آشرم ’سری شاردا انسٹی ٹیوٹ آف انڈین مینجمنٹ‘ جو ویسنت کنج کے پوش علاقے میں واقع ہے کے ڈائریکٹر سوامی چیتنیا نندا سرسوتی پر17 خواتین طالبات نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ معروف ”سری شاردا انسٹی ٹیوٹ آف انڈین مینجمنٹ“ کے ایک سینئر عہدیدار کے بارے میں سامنے آیا ہے۔

سوامی بابا نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے والی طالبات کے ساتھ پوسٹ گریجویٹ مینجمنٹ ڈپلومہ کورسز کے دوران بدسلوکی کی، اور اس میں اکثر خواتین اساتذہ اور انتظامیہ کے افراد بھی ملوث پائے گئے جنہوں نے طالبات پر ان کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

پولیس کے مطابق، 32 طالبات میں سے 17 خواتین نے بابا کے خلاف گواہی دی، جنہوں نے الزام لگایا کہ وہ ان کے ساتھ بدزبانی کرتے، نازیبا پیغامات بھیجتے، اور جسمانی طور پر ناموزوں چیزیں کرتے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ وارڈنوں نے ان طالبات کو بابا سے ملوانا شروع کیا تھا، جو بعد میں ان کے ساتھ غلط سلوک کرنے لگا۔

پولیس نے جنسی ہراسانی اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔ تاہم، ملزم ابھی تک پولیس کی گرفت سے باہر ہے، اور حالیہ اطلاعات کے مطابق، وہ آخری بار آگرہ کے قریب دیکھا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو آشرم کی زیر زمین پارکنگ میں ایک والوو گاڑی بھی ملی ہے جو ملزم کے زیر استعمال تھی۔ گاڑی کی سفارتی نمبر پلیٹ بھی جعلی ہے تاہم گاڑی ضبط کر لی گئی ہے۔