کراچی: کورنگی میں نالے میں گر کر بزرگ شہری جاں بحق

Calender Icon بدھ 17 دسمبر 2025

کراچی میں کورنگی کبڈی گراؤنڈ کے قریب نالے میں گر کر بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اندھیری سڑک پر سائیکل پر سامان لادے شہری پیدل جا رہا تھا کہ اچانک سڑک کنارے نالے میں جا گرا۔

اس واقعے کے وقت دو موٹرسائیکل سوار بھی قریب سے گزرے لیکن کسی نے دیکھا اور نہ کوئی مدد کو آیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق نالے کے اطراف حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 70 سالہ کالے خان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق متوفی زمان ٹاؤن سیکٹر 34 تھری کا رہائشی تھا، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔