رئیسُ الاحرار چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی، وفاقی وزیر امیر مقام کاخراجِ عقیدت

Calender Icon جمعرات 18 دسمبر 2025

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے رئیسُ الاحرار چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی کے موقع پر تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے اس عظیم رہنما کی بے مثال جدوجہد، لازوال قربانیوں اور تاریخی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے خصوصی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری غلام عباس تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے اُن درخشاں ستاروں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کی آزادی، عزت و وقار اور حقِ خودارادیت کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق رئیسُ الاحرار کا ایک واضح، غیر متزلزل اور نظریاتی خواب تھا، جس کی تکمیل کے لیے انہوں نے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی اور کسی بھی قسم کے دباؤ، لالچ یا جبر کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ رئیسُ الاحرار چوہدری غلام عباس نہ صرف ایک باکردار، بااصول اور باعمل سیاستدان تھے بلکہ ایک درویش صفت، خدا ترس اور امتِ مسلمہ کے دکھ درد کو اپنے دل میں سموئے رکھنے والی عظیم شخصیت بھی تھے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں بالعموم اور کشمیری مسلمانوں بالخصوص کو انگریز سامراج اور بعد ازاں ڈوگرہ راج کے ظلم و استبداد سے نجات دلانے کے لیے عملی اور مؤثر جدوجہد کی، جس کے نتیجے میں انہیں متعدد بار قید و بند، تشدد اور سخت مصائب کا سامنا کرنا پڑا، مگر وہ کبھی اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ چوہدری غلام عباس کو کشمیر کی تاریخ میں ایک روشن باب اور تحریکِ آزادی کے ایک ابدی استعارے کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔