بھارت: راجدھانی ایکسپریس سے ٹکرا کر 8 ہاتھی ہلاک، ٹرین سروس متاثر

Calender Icon ہفتہ 20 دسمبر 2025

بھارتی ریاست آسام میں راجدھانی ایکسپریس ایک ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ ہاتھی ہلاک اور ایک ہاتھی کا بچہ زخمی ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد ٹرین کی انجن سمیت پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تاہم کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

بھارتی ریلوے حکام کے مطابق یہ حادثہ تقریباً گزشتہ رات 2 بج کر 17 منٹ پر پیش آیا جب ٹرین آسام کے ہوجائی علاقے سے گزر رہی تھی۔

اس دوران ہاتھیوں کا ایک جھنڈ اچانک ریلوے پٹری پر آ گیا، پائلٹ نے ہاتھیوں کو بچانے کے لیے ایمرجنسی بریک لگائی لیکن تیز رفتاری کے سبب ٹرین ہاتھیوں سے ٹکرا گئی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی جنگلاتی محکمے کے افسران نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں آٹھ ہاتھی ہلاک ہوئے جبکہ ایک زخمی بچے کو بچا لیا گیا ہے۔