عاصم افتخار کی اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن سرگرمیوں پر اسحاق ڈار کو بریفنگ

Calender Icon منگل 30 دسمبر 2025

اسلام آباد(نیوزڈیسک):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ سفیر عاصم افتخار نے نائب وزیراعظم کو نیویارک میں پاکستان مشن کی مصروفیات، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر اداروں میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کثیر الجہتی فورمز پر پاکستان کی اہم خارجہ پالیسی کی ترجیحات، بشمول جموں و کشمیر اور فلسطین کے موقف کو اجاگر کرنے کے لیے مشن کی مسلسل اور پائیدار کوششوں پر روشنی ڈالی۔ ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے عالمی امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اقوام متحدہ اور کثیر الجہتی اداروں کی اہمیت پر زور دیا۔