اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا جبکہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات اور خوارجیوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قیامِ امن اولین ترجیح ہے اور وفاقی حکومت اس ضمن میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ مشترکہ اقدامات سے کیا جا رہا ہے اور خوارجیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی تعاون ناگزیر ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔












منگل 30 دسمبر 2025 