وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے آج فیصل آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی کامیابیوں اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو سفارتی اور معاشی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر عظیم کامیابیاں مل رہی ہیں، خصوصاً سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت آج درست سمت پر گامزن ہے، جو موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2017 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا۔ لکی مروت میں حال ہی میں 17 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جو سکیورٹی فورسز کی کامیابی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں سے نرم رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور گولی کا جواب گولی سے دیا جائے گا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی اور صرف “جلسہ جلسہ” کھیل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں، لیکن وہاں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان باشندوں کی شمولیت دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔
طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ملکی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اور بیرون ملک بیٹھ کر ملک مخالف بیانیے بنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی دہشت گردوں کی مذمت نہیں کی اور نہ ہی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کوئی ٹویٹ کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ کون چلاتا ہے، یہ سب کو معلوم ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔