وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس، سیلاب متاثرین کیلئے اہم ہدایات۔ نیویارک سے بذریعہ ویڈیو لنک منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد اور سیلاب متاثرین کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم نے جلال پور پیر والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پڑنے والے شگاف کی فوری مرمت کا حکم دیا۔ انہوں نے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو دریائے ستلج سے متاثرہ ایم 5 کے حصے کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا حکم۔
فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو امداد و بحالی کے آپریشنز کی کڑی نگرانی اور باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے لیے 10 لاکھ روپے اور جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے لیے 5 لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی قدرتی آفات سے متاثر ہو رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں گھرے پاکستانیوں کی آواز دنیا تک پہنچائی، انہوں نے عالمی برادری کو بتایا کہ پاکستانی موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔