عاجزی اور باوقار رویہ رنبیر کپور کو دیگر اداکاروں سے ممتاز بناتا ہے،شیووہام

Calender Icon پیر 12 جنوری 2026

رنبیر کپور کے فٹنس ٹرینر شیووہام نے اداکار کی جسمانی ترجیحات اور کام کے انداز پر دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ بالی ووڈ ببل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے فلم Animal کے اداکار کے ساتھ کام کرنے کے تجربات تفصیل سے بیان کیے۔

شیووہام کے مطابق رنبیر کپور کسی کردار کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیتے۔ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوتے ہی وہ اس کردار سے آگے بڑھ جاتے ہیں اور اپنی نارمل زندگی کی طرف لوٹ آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا،
“رنبیر کپور ہر وقت ویسا نظر آنا پسند نہیں کرتے جیسا فلم میں دکھائی دیتے ہیں۔ اس وقت وہ ایک عام انسان کی طرح ہیں، ایک باپ، شوہر اور بیٹے کے طور پر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی جسمانی تبدیلیاں ہر فلم کے مخصوص تقاضوں کے مطابق ہوتی ہیں، اور کردار ختم ہوتے ہی وہ آگے بڑھ جاتے ہیں۔ لوگوں کو بھی یہی سیکھنا چاہیے۔”

فٹنس ٹرینر نے مزید کہا کہ اگر کسی کو رنبیر کپور سے کچھ سیکھنا چاہیے تو وہ ان کا غیر معمولی نظم و ضبط ہے۔
“وہ وقت کے بے حد پابند ہیں، ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کرتے،” شیووہام نے بتایا۔

انہوں نے رنبیر کپور کی محنت اور پیشہ ورانہ رویے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سپر اسٹار ہونے کے باوجود وہ کام کے معاملے میں نہایت سنجیدہ اور ذمہ دار ہیں۔ شیووہام کے مطابق رنبیر اپنے مصروف شیڈول کے باوجود کبھی لیٹ نہیں ہوتے۔

شیووہام نے رنبیر کپور کو ایک حقیقتاً عاجز اور زمین سے جڑا ہوا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا باوقار اور احترام پر مبنی رویہ ہی انہیں دیگر اے لسٹ ستاروں سے ممتاز بناتا ہے۔