اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے یونیورسٹی آف لندن کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے معزز اور باوقار اجتماع سے خطاب کا موقع ملنا ان کے لیے باعثِ اعزاز اور باعثِ افتخار ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن کا تعلیمی سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے اور اس ادارے نے دنیا بھر میں علم و تحقیق کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تعلیمی شعبے کے ساتھ یونیورسٹی آف لندن کی طویل وابستگی اور خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمی تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مؤثر ہوتا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف لندن نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں اور جدت، اختراع اور نئے تعلیمی ماڈیولز متعارف کرا کر ملکی تعلیمی معیار کو نئی جہت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بہتری اور جدت کو اپنانا یونیورسٹی آف لندن کی نمایاں پہچان ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے تحقیق و ترقی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف لندن کے پروگرامز نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں طلبہ کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ دورانِ تعلیم ہمیں ممتاز اور باوقار اساتذہ کی رہنمائی حاصل رہی، جو طلبہ کی فکری اور علمی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے آؤٹ ریچ جیسے پروگرامز کو تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات مستقبل میں تعلیمی ترقی کو مزید تقویت دیں گے۔












بدھ 14 جنوری 2026 