امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو جنگ بندی معاہدہ قبول کرنے کے لئےڈیڈ لائن دے دی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس کے پاس صرف 3 سے 4 دن ہیں تاکہ امن تجاویز پر اتفاق کر سکے۔
انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے امریکا نے واضح اور جامع تجاویز پیش کر دی ہیں اب یہ حماس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تجاویز کو قبول کر کے خطے میں مزید خونریزی کا راستہ روکے۔
صدرٹرمپ نے خبردار کیا کہ حماس سے مزید مذاکرات کی زیادہ گنجائش موجود نہیں ہے، اس لیے وقت ضائع کیے بغیر فوری فیصلے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور عالمی برادری حماس کے جواب کا انتظار کر رہی ہے تاکہ آگے کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
صدرڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا کہ جنگ بندی کے بغیر نہ صرف خطے میں انسانی بحران گہرا ہوگا بلکہ امن کی عالمی کوششیں بھی متاثر ہوں گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ فلسطینی عوام پر دباؤ کم ہو اور امدادی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رہیں۔