پاکستان کی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،سرفراز بگٹی

Calender Icon جمعرات 5 فروری 2026

کوئٹہ(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرستوں کو سخت اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردّالفتنہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کے لیے واضح وارننگ ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی ایل اے ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فتنہ بھارت کے ایما پر پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ فتنہ انگیزی کی ہر کوشش کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ریاست مضبوط اور قوم متحد ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والا ہر ہاتھ قانون کے مطابق پوری طاقت سے روکا جائے گا اور ہمیشہ کے لیے توڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بقا کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔