کوئٹہ:(نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آپریشن ردّالفتنہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کے لیے ایک واضح اور دوٹوک پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بناتا ہے اور بھارت کے اشاروں پر پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اپنی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور فتنہ انگیزی کی ہر کوشش کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست الحمدللہ مضبوط ہے، قوم متحد ہے اور پاکستان کے خلاف اٹھنے والا ہر ہاتھ قانون کے مطابق اور پوری طاقت سے توڑا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ حکومت اور ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں اور بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔












جمعرات 5 فروری 2026 