پاکستان کی خطے میں منشیات فروش نیٹ ورکس کیخلاف ایک اور بڑی کامیابی

Calender Icon ہفتہ 14 فروری 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان نے خطے میں منشیات فروش نیٹ ورکس کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ بحیرۂ عرب میں پاکستانی اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی فراہم کردہ خفیہ اطلاع پر بحیرۂ عرب میں کامیاب کارروائی کی گئی جس کے دوران منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑ لی گئی۔ اس کارروائی میں اینٹی نارکوٹکس فورس، پاک بحریہ، میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سنٹر نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک مشتبہ کشتی کی تلاشی لی گئی جس سے تیرہ سو کلوگرام سے زائد چرس اور بڑی مقدار میں شراب برآمد کر لی گئی۔ برآمد ہونے والی منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی مجموعی مالیت بیس ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق یہ انسدادِ منشیات کارروائی متعلقہ پاکستانی اداروں کے درمیان مربوط رابطے، بروقت معلومات کے تبادلے اور مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کی روک تھام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور ایسے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔