لندن (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 11 جوانوں اور ایک معصوم شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔












منگل 17 فروری 2026 