کوئٹہ(نیوز ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مقابلے کے دوران سی ٹی ڈی کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک مبینہ دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا اور 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، بلوچستان میں قیام امن کیلئے سی ٹی ڈی کی کامیابیوں کو ستائش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے 3 اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔












بدھ 18 فروری 2026 