قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی بیٹے سمیت شہید، ایران نے تصدیق کر دی

Calender Icon بدھ 18 مارچ 2026

تہران ( نیوزڈیسک) ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی اور معاون علی رضا سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے، ان کی شہادت کا واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ساڑھے 3 بجے پیش آیا۔

اس سے پہلے علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا، اسرائیل نے گزشتہ روز علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

نیوز ایجنسی کے مطابق سکیورٹی کونسل میں خدمات انجام دینے سے پہلے علی رضا ایران کی حج و زیارت تنظیم کے سربراہ رہ چکے تھے اور اس سے قبل ملک کے سکیورٹی اداروں میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔

علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ممکنہ متبادل کا نام سامنے آگیا

ایران کی قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی کی شہادت کے بعد سابق سیکرٹری سعید جلیلی کے عارضی طور پر علی لاریجانی کی جگہ لینے کا امکان ہے۔

علی لاریجانی کو سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے نامزد کیا تھا، ان کے ساتھ نیشنل سکیورٹی کونسل کے سابق سیکرٹری سعید جلیلی بھی شامل تھے۔

امکان ہے کہ عارضی طور پر سعید جلیلی شہید علی لاریجانی کی جگہ لیں گے، جب تک نئے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کونسل میں اپنے نمائندے نامزد نہیں کر دیتے۔

یاد رہے کہ شہید علی لاریجانی عراق کے شہر نجف میں پیدا ہوئے، ایران کی پاسداران انقلاب میں شمولیت کے بعد انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر نمایاں مقام حاصل کیا، وہ ایران کی داخلی سیاست، پارلیمنٹ اور خارجہ پالیسی میں طویل عرصے سے بااثر کردار ادا کرتے رہے۔

علی لاریجانی انقلابِ ایران کے بعد ابھرنے والی اہم سیاسی شخصیات میں شامل تھے، وہ ایران کے طاقتور مذہبی و سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، علی لاریجانی صدارتی سیاست میں بھی سرگرم رہے، اور متعدد بار صدارتی انتخابات میں بھی اہم امیدوار رہے۔

شہید علی لاریجانی نے بطور سپیکر پارلیمنٹ 12 سال تک مجلسِ شورٰی کی قیادت کی، وہ ایران کے چیف مذاکرات کار برائے جوہری پروگرام بھی رہ چکے ہیں۔

بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی بھی اسرائیلی و امریکی حملے میں شہید

قبل ازیں پاسداران انقلاب نے بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد وہ خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے اعلیٰ لیڈر کو شہید کر دیا، جنگ تقریباً 5 ہفتوں میں ختم ہو جائے گی، ایران کی فوج کو شدید نقصان پہنچا، بحریہ، فضائیہ اور ریڈار تباہ کر دیے گئے، ایرانی قیادت ہر سطح پر ختم ہو چکی ہے، دوبارہ خطرہ نہیں بن سکے گی۔

علی لاریجانی نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کی کوششیں کیں، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہید علی لاریجانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید علی لاریجانی ایک نمایاں اور قیمتی شخصیت تھے، علی لاریجانی نے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں، انہیں وسیع تجربہ تھا، علی لاریجانی نے خطے میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے کی کوششیں کیں۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے علی لاریجانی کی شہادت پر رد عمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ عظیم شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شہید علی لاریجانی ایک ممتاز شخصیت، مفکر اور انقلابی رہنما تھے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ شہید علی لاریجانی کا خون، دیگر شہدا کی طرح، عزت، طاقت اور قومی بیداری کا سبب بنے گا، علی لاریجانی اور دیگر شہدا کے خون کو ہرگز نہیں بھولیں گے اور اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔