اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان عید کی مبارکباد کا تبادلہوزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج جمہوریہ ترکیہ کے صدر عزت مآب رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد دی.انتہائی گرمجوش گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر اردوان، ان کے اہلِ خانہ اور برادر ترک عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی، جس کا صدر اردوان نے بھی پرتپاک جواب دیا۔ عید کی مبارکباد کے تبادلے کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے امتِ مسلمہ کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی، بالخصوص ترکیہ پر میزائل حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم ان مشکل حالات میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے فروغ کے لیے اورخصوصاً عید کے ایام کے دوران حال ہی میں اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کے حوالے سےترکیہ کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا ۔وزیراعظم نے فروری 2025 میں صدر اردوان کے تاریخی دورہ پاکستان اور اس کے بعد اپریل اور مئی 2025 میں اپنے دورہ ترکیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد اور علاقائی تعاون کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
شہباز شریف، اردغان رابطہ، سفارتکاری سے مسائل کے حل پر زور
جمعرات 19 مارچ 2026












