یومِ پاکستان کے موقع پر مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوںکا قوم کے نام خصوصی پیغام

Calender Icon جمعہ 20 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یومِ پاکستان کے موقع پر ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے وطن سے اپنی والہانہ محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخی جدوجہد اور ایک آزاد وطن کے خواب کی تعبیر کی یاد دلاتا ہے، جس کی گونج آج بھی نوجوان نسل کے جذبات میں سنائی دیتی ہے۔

نوجوانوں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ ہم اس دھرتی سے ہیں جہاں کھیت سنہری ہوتے ہیں اور وطن سے محبت خوشبو بن کر فصلوں میں مہکتی ہے۔ ہم اس سرزمین کے باسی ہیں جہاں دریا تاریخ سناتے ہیں اور ثقافت وقت کے ساتھ بہتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وسعت سے تعلق رکھتے ہیں جہاں ہمارے حوصلے، ارادے اور وعدے چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔ ہم ان پہاڑوں کے وارث ہیں جہاں غیرت، مہمان نوازی اور عزم ہماری روایت کا حصہ ہیں۔

نوجوانوں کا کہنا تھا کہ ہم ان بلندیوں سے ہیں جہاں برف پر بھی امید اگتی ہے اور مشکل راستے ہمت میں بدل جاتے ہیں۔ ہم ان وادیوں کے رہنے والے ہیں جہاں ہر منظر وطن سے محبت کا عکاس ہے اور پربتوں سے بہتا ہر جھرنا اس کی بقا کے گیت گاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہماری بولیاں مختلف ہو سکتی ہیں مگر ہمارا پیغام ایک ہے۔ ہماری ثقافتیں جدا سہی، لیکن ہماری پہچان، ہمارا یقین اور ہمارا پاکستان ایک ہے، اور ہم سب اسی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ اپنے وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔