راشمیکا مندانا کو ’دی گرل فرینڈ‘ پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مل گیا

Calender Icon ہفتہ 21 مارچ 2026

حیدرآباد (نیوز ڈیسک) بھارتی اداکارہ راشمیکا مندانا نے فلم The Girlfriend میں شاندار اداکاری پر تلنگانہ گدّر فلم ایوارڈز 2025 میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

29 سالہ اداکارہ کو یہ ایوارڈ معروف اداکار رام چرن اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونتھ ریڈی نے 19 مارچ کو منعقدہ تقریب میں پیش کیا۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے راشمیکا مندانا نے اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں ان کی اداکاری پر تنقید کی گئی اور سوشل میڈیا پر ان کے لہجے اور فلموں کے انتخاب پر سوالات اٹھائے گئے، مگر آج اسی ریاست نے انہیں اس اعزاز سے نوازا ہے، جو ان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

اداکارہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ جب وہ تیلگو انڈسٹری میں آئیں تو انہیں بیٹی کی طرح قبول کیا گیا، اور اب وہ اسی سرزمین کی بہو کے طور پر سب کے سامنے کھڑی ہیں، جس کا اشارہ ان کی وجے دیوراکونڈا سے حالیہ شادی کی جانب تھا۔ دونوں نے 26 فروری 2026 کو اودے پور میں ایک نجی تقریب میں شادی کی۔

Rashmika Mandanna wins best actress award for The Girlfriend

بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے لیے بے حد خاص ہے اور اس لمحے کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ان کے مطابق یہ ان کے طویل سفر کی ایک بڑی کامیابی ہے جس پر انہیں فخر، خوشی اور اطمینان محسوس ہو رہا ہے۔

تقریب میں راشمیکا مندانا نے آئیوری رنگ کی خوبصورت ساڑھی زیب تن کی، جس کے ساتھ روایتی سونے کے زیورات، سندور اور گجرے نے ان کی شخصیت کو مزید نکھار دیا۔