کراچی(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عوام کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، آج ہمیں اتحاد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی اور اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو چاہیے جنگ کا ماحول جلداز جلد ختم کریں، فیڈل مارشل کی قیادت مںی پاک فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو اور شہید بی بی نے قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے جدوجہد کی، صدر زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی جدوجہد آج بھی جاری ہے، ملک کی ترقی کیلئے قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح کیلئے پُرعزم ہے، نوجوان نسل کو قائداعظم کے نظریات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کو معاشی اور سماجی طور پر مستحکم بنانا اولین ترجیح ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی نے قرارداد پاکستان پاس کی، صوبہ سندھ نے پاکستان بنانے میں پہل کی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام نے ملک کو طاقت دی، دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، وزیراعظم سے ملاقات ہونے پر سیاسی باتوں کو ضرور سامنے رکھوں گا۔












پیر 23 مارچ 2026 