رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ کیس میں اہم پیش رفت

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

اسلام آباد ہائی کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) سے نکالنے کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے رجب بٹ کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی جبکہ ندیم نانی والا کی درخواست نمٹا دی گئی۔
جسٹس محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے رجب بٹ کی درخواست میں جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی۔
ندیم نانی والا کے کیس میں عدالت کو ڈائریکٹر لیگل این سی سی آئی اے، سرفراز کھٹانہ کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق، ندیم نانی والا کا نام ابتدائی طور پر نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی (NCCIA) کی سفارش پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم اب NCCIA ہیڈکوارٹر کی سفارش کے بعد ان کا نام PCL سے نکال دیا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ندیم نانی والا این سی سی آئی اے لاہور میں درج ایک انکوائری کیس میں نامزد تھے، اور پاسپورٹ رولز 2021 کے تحت ان کا نام PCL میں شامل کیا گیا تھا۔
عدالت نے رجب بٹ کی درخواست پر سماعت کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جبکہ ندیم نانی والا کے معاملے کو حتمی طور پر نمٹا دیا گیا۔