کنٹونمنٹس بورڈ راولپنڈی و چکلالہ کی نئی حلقہ بندیاںمتنازعہ

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

کنٹونمنٹس بورڈ راولپنڈی اور چکلالہ کی حالیہ 20 وارڈز کی نئی حلقہ بندیاں متنازعہ ہو گئی ہیں، کیونکہ سابق منتخب ممبران نے ان پر شدید اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔
سابق ممبران کا کہنا ہے کہ وارڈز کی تقسیم غیر فطری ہے اور ووٹروں کی تعداد میں نمایاں عدم توازن پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں اعتراضات ریجنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے، جن کے ساتھ مجوزہ حلقہ بندیوں اور ووٹر تناسب کا ڈرافٹ بھی پیش کیا گیا۔
ممبران نے واضح کیا کہ کچھ وارڈز میں 14 ہزار جبکہ کچھ میں 64 ہزار ووٹر رجسٹرڈ ہیں، جو غیر منصفانہ ہے اور اس سے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات کی سماعت 30 اور 31 مارچ کو متوقع ہے، جبکہ کینٹ بورڈ کے ممبران نے مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ بندیاں فطری بنیادوں پر اور ووٹوں کی مساوی تقسیم کے اصول کے مطابق کی جائیں۔