حج 2026: عازمین کیلئے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

اسلام آباد: حج 2026 کے سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ تمام عازمین حج کے لیے پاک حج موبائل ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی ہوگا۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق عازمین کو جمعہ تک ایپ پر طبی سوالنامہ مکمل کرنا ہوگا، جس میں انہیں مختلف امراض کے حوالے سے “ہاں” یا “نہیں” میں جواب دینا ہوگا۔ اس سوالنامے میں بلڈ پریشر، دل کی بیماریاں، شوگر، دمہ، گٹھیا اور تھائی رائیڈ جیسی صحت کی معلومات شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ طبی معلومات عازمین حج کو مربوط اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اس کے علاوہ، پاک حج ایپ پر حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کر دیا گیا ہے اور حج پروازوں کے شیڈول کی تفصیلات بھی ایپ پر دستیاب ہیں۔
وزارت نے عازمین سے کہا ہے کہ وہ ایپ پر جاری اعلانات اور نئی معلومات سے باخبر رہیں تاکہ حج کے دوران کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔