ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر، حکومت کا اطمینان

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے پاس اس وقت اتنے ذخائر موجود ہیں جو اپریل اور اس کے بعد کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
اجلاس کے دوران حکام نے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حالات کے باوجود ایندھن کی فراہمی میں کسی بڑے تعطل کا خدشہ نہیں اور سپلائی سسٹم مستحکم انداز میں کام کر رہا ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی رابطہ کاری کو مزید بہتر بنائیں اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے زور دیا کہ آئندہ ہفتوں میں بھی سپلائی چین کو مضبوط رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، خاص طور پر موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، جنہوں نے ملک میں توانائی کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔