بھرتی کا عمل شفاف اور میرٹ پر مکمل کیا جائے گا، ڈی پی او رضا تنویر

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

مری/راولپنڈی(نیوزڈیسک)انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب راؤ عبدالکریم نے مری پولیس کے لیے 371 اسامیوں پر بھرتی کا ایک سال سے تعطل کا شکار عمل دوبارہ شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اہل امیدواروں کی بھرتی کا باقی ماندہ عمل 31 مارچ سے شروع ہوگا، جبکہ تمام مراحل میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی حتمی میرٹ لسٹیں 15 اپریل کو آویزاں کی جائیں گی۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایاکہ مئی 2025 سے رکا ہوا یہ عمل اب آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق مکمل شفافیت اور میرٹ پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو صبح 6 بجے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی (فیز 8، فاطمہ جناح جنکشن) پر اپنے اصل شناختی کارڈ اور رجسٹریشن سلپ کے ساتھ پہنچ جائیں۔ ڈی پی او مری نے کے مطابق نئے شیڈول کے تحت امیدواروں کی اسکریننگ اور فزیکل ٹیسٹ (قد، چھاتی کی پیمائش اور دوڑ) اور ڈرائیونگ 31 مارچ سے 3 اپریل تک جاری رہیں گے۔4 اور 5 اپریل کو ریویو بورڈ،9 اور 10 اپریل کو تحریری امتحان اور نتائج کا اعلان،11 سے 14 اپریل کو انٹرویوز کا انعقاد اور15 اپریل کو کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائیں گی ۔ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں میرٹ کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پنجاب پولیس میں بھرتی کا یہ عمل انتہائی شفاف ہوگا۔ انہوں نے امیدواروں کو خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی سفارش، سیاسی دباؤ یا غیر قانونی ذریعے سے بھرتی ہونے کی کوشش قطعی کامیاب نہیں ہوگی۔