ایران معاملہ، امریکا نے مزاحمت و معاشی اثرات کو اہمیت نہیں دی: آندرے کیلن

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

ماسکو(ڈیب ڈیسک): برطانیہ میں تعینات روس کے سفیر آندرے کیلن نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران دو بڑی غلطیاں کیں، جن میں تہران کی مزاحمتی صلاحیت اور ممکنہ معاشی اثرات کو کم سمجھنا شامل ہے۔

ٹی وی انٹرویو میں کیلن نے بتایا کہ امریکا کو توقع تھی کہ ابتدائی حملوں کے بعد ایران ہتھیار ڈال دے گا اور حکومت بدل جائے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اثرات کو نظر انداز کرنے کی غلطی نے امریکا کے اتحادیوں، خصوصاً خلیجی ممالک کو بھی گمراہ کیا۔

روسی سفیر نے مزید کہا کہ اس وقت امریکا کے لیے ایران کے ساتھ زیادہ امن مذاکرات کی ضرورت ہے، کیونکہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے لیے لڑ رہا ہے۔ انہوں نے امریکا کی فوجی کارروائی کے واضح اہداف یا حکمت عملی نہ ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ عالمی سطح پر اس کے مقاصد پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور برطانیہ کی عوام بھی اس جنگی کارروائی کی حمایت نہیں کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی شروع کی تھی، جس کے جواب میں ایران نے بھی جوابی حملے کیے اور خطے میں کشیدگی بڑھ گئی۔