اسلام آباد (نیوز ڈیسک)یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے زیرِ اہتمام منعقدہ حالیہ اجلا س کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران تجارتی رہنماؤں نے پاکستان کے لیے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس (GSP+) اسٹیٹس کو برقرار رکھنے اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پیش کر دی ہے۔ گروپ قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کی پائیدار مضبوطی کے لیے بین الاقوامی تجارتی مراعات کا تسلسل ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے عالمی معیارات کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے واضح کیا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی بقا کے لیے یورپی یونین کی جانب سے مقرر کردہ انسانی حقوق، لیبر قوانین اور ماحولیاتی تحفظ کے 27 کنونشنز پر سختی سے عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یو بی جی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل اور دیگر کلیدی صنعتی شعبوں کے لیے یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی پاکستان کا عظیم معاشی اثاثہ ہے، جس کے تحفظ کے لیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے پلیٹ فارم سے حکومت کے ساتھ مل کر ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
’ہم نیوز‘ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے تجارتی رہنماؤں نے مزید کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑنے اور برآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صرف خام مال کی فروخت کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ مرکوز کر کے جی ایس پی پلس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ یو بی جی کی قیادت نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اقتدار میں آکر ایسی پالیسیاں وضع کروائیں گے جن سے نہ صرف موجودہ تجارتی مراعات برقرار رہیں گی بلکہ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔
جی ایس پی پلس اسٹیٹس ریاستوں کی بقاء ہے: ایس ایم تنویر
جمعہ 27 مارچ 2026












