سیلاب متاثرین کے لیے نئے گھروں کی تعمیر، حکومت نے خوشخبری سنا دی

Calender Icon اتوار 16 اگست 2026

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ(Amjad Hussain Advocate) نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جارہے ہیں۔

امجد حسین ایڈووکیٹ کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے ڈونرز کے تعاون سے شروع کیے جانے والے 16 ارب روپے لاگت کے کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 7 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے تحت ممکن ہوا: وزیراعلیٰ سندھ

منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں ماحول دوست اور محفوظ تعمیرات، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سمیت متعدد منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کی زد میں ہے، جہاں ہر سال کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے باعث متعدد گھر تباہ ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں تباہ ہونے والے شہریوں کے مکانات کی جگہ محفوظ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے گزشتہ سال بوبر کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک کالونی قائم کی گئی تھی، جبکہ رواں سال سندھ حکومت کے تعاون سے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے 200 گھر تعمیر کیے جارہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:رجب بٹ کی دوسری شادی سسٹرولوجی خاندان میں ہوگی؟ ماہر نجوم کی نئی پیشگوئی

انہوں نے کہاکہ مستقبل میں بھی قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں محفوظ چھت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

 وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ کے تحت قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے محفوظ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شامل کیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو آفت زدہ علاقوں میں متاثر ہونے والے گھروں کی تعمیر و بحالی کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں باضابطہ منظوری متعلقہ اسٹیئرنگ کمیٹی سے حاصل کی جائے۔

وزیر اعلیٰ امجد حسین نے منصوبے پر شفاف اور کامیاب عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی میں میرٹ کی سختی سے پاسداری کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہاکہ مختلف متعلقہ شعبوں کے ماہرین کو شفاف انٹرویو کے ذریعے موقع دیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بھی موقع فراہم کیا جائے تاکہ صحت مند مقابلے کے نتیجے میں اہل اور قابل امیدوار کا انتخاب ممکن ہو۔

 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کلائمیٹ ریزیلینس پروجیکٹ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی انتہائی اہم ثابت ہوگا۔