شہری امریکی فوجی اڈوں و تنصیابت سے دور رہیں، آئی آر جی سی انتباہ

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

تہران(ویب ڈیسک) ایران کی نیم فوجی فورس پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں موجود شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات سے فوری طور پر دور رہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہ سکیں۔
ایرانی گارڈز کے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی افواج شہری علاقوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بیان میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایسے تمام مقامات خالی کر دیں جہاں امریکی افواج کی موجودگی ہو۔
دوسری جانب، سفارتی کوششوں کے باوجود ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق قم اور ارومیہ میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں اور جانی نقصان بھی ہوا۔
رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 10 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملبے تلے دبے زخمیوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک امریکی اور اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 1,937 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ادھر ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل حملوں کی 83ویں لہر شروع کر دی ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ملٹی وار ہیڈ میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے اشدود میں آئل اسٹوریج ٹینکس اور ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جبکہ عالمی سطح پر جنگ بندی کی کوششیں تاحال کسی بڑے نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔