پاکستان میں 5G اسپیکٹرم کا آغاز: ڈیجیٹل ترقی کی جانب بڑا قدم

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مؤثر حکمتِ عملی کے تحت پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی کے نئے دور کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جو ملک کی ڈیجیٹل ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔
ملک بھر میں 300 سے زائد 5G سائٹس فعال ہو چکی ہیں، جبکہ بڑے شہروں اور اہم مقامات پر اس جدید سروس کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس وقت Jazz کی 180 اور Zong کی 150 سائٹس کام کر رہی ہیں، جبکہ 103 موبائل برانڈز کے 2,254 سے زائد ڈیوائسز پر 5G سروس دستیاب ہو چکی ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (P@SHA) نے 5G ٹیکنالوجی کے آغاز کو ملک کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے اس کی کامیاب نیلامی پر حکومت اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
مشیرِ وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق 5G اسپیکٹرم سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ سروس کے معیار میں بھی بہتری آئے گی، جو معیشت کے مختلف شعبوں پر مثبت اثر ڈالے گی۔
ان کے مطابق اس نیلامی میں اتصالات، چائنا موبائل اور ویون گروپ جیسی بڑی کمپنیوں نے مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔ مزید برآں، جاز (ویون گروپ) نے آئندہ تین برسوں میں پاکستان میں ایک ارب ڈالر تک مزید سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا یہ تسلسل ملکی معیشت کی بحالی اور پائیدار استحکام کا واضح اشارہ ہے، جبکہ 5G ٹیکنالوجی پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔