عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 4 روپے 66 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی مٹی کے تیل کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جب اس کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا تھا۔
دوسری جانب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 95 روپے 59 پیسے فی لیٹر کے حساب سے پی ڈی سی ادا کرے گی، جبکہ ڈیزل پر یہ شرح 203 روپے 88 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث آئندہ دنوں میں مزید رد و بدل کا امکان بھی موجود ہے۔
حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا
ہفتہ 28 مارچ 2026












