ارتھ آور: زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعظم شہباز شریف

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں بڑھتے ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر ارتھ آور (Earth Hour) ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور نہایت اہم ذمہ داری ہے۔
28 مارچ 2026 کو ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس عالمی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور رات 8:30 سے 9:30 بجے تک ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری بجلی اور روشنیاں بند رکھیں یا کم سے کم استعمال کریں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال ارتھ آور “Give an Hour for Earth” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے مؤثر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ارتھ آور محض ایک علامتی اقدام نہیں بلکہ یہ ایک عالمی سطح کا لمحہ فکریہ ہے، جو ہمیں ایک پائیدار اور بہتر ماحولیاتی مستقبل کے لیے اپنے عزم کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بگاڑ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے آج کیے گئے فیصلے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، تاکہ ایک محفوظ اور پائیدار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔