پاکستان، ایران کو چاول، سی فوڈ، فارما سیوٹیکل سمیت مختلف مصنوعات برآمد کی اجازت

Calender Icon ہفتہ 28 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک): پاکستان نے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایران کو چاول، سمندری خوراک، فارماسیوٹیکل مصنوعات سمیت مختلف اشیاء کی برآمد کی اجازت دے دی ہے، جبکہ زمینی راستے سے تجارت کے لیے کچھ مالی شرائط میں عارضی نرمی بھی دی گئی ہے۔

وزارت تجارت پاکستان کے مطابق یہ خصوصی رعایت تین ماہ کے لیے دی گئی ہے، جو 24 مارچ سے 21 جون 2026 تک مؤثر رہے گی۔ اس دوران برآمد کنندگان کو بینک گارنٹی اور لیٹر آف کریڈٹ جیسی شرائط میں عارضی استثنیٰ حاصل ہوگا، جس سے تجارت کا عمل آسان ہو جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے تحت ایران کے راستے آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک تک بھی پاکستانی مصنوعات کی رسائی ممکن ہو گی، جس سے برآمد کنندگان کے اخراجات اور وقت دونوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

اعلامیے کے مطابق چاول، مچھلی، آلو، گوشت، پیاز، مکئی اور پھلوں سمیت متعدد اشیاء کی برآمد کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ادویات اور خیموں (ٹینٹس) کی برآمد بھی اس سہولت میں شامل ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بعض ضوابط میں جزوی نرمی دی گئی ہے، تاہم برآمدی آمدن کو مقررہ مدت میں ملک واپس لانے کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا ہے کہ حکومت برآمدات بڑھانے اور تاجروں کو سہولت دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے راستے وسطی ایشیا تک رسائی سے نہ صرف تجارت بڑھے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تجارت علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور یہ پیش رفت اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔