یوگینڈا آرمی چیف نے ایران کے خلاف اسرائیل کی حمایت میں جنگ میں شمولیت کی پیشکش کر دی

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

کمپالا۔ یوگینڈا کے آرمی چیف جنرل مہوذی کائنیروگابا نے ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے دوران اسرائیل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر یوگینڈا کی افواج جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل مہوذی نے بیان میں کہا کہ یوگینڈا کی فوج اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر اسرائیل پر حملہ یا اسے شکست دینے کی کوشش کی گئی تو یوگینڈا بھی اس تنازع میں شریک ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو مدد درکار ہو تو یوگینڈا کی فوج فوری طور پر تعاون فراہم کرے گی، بس ایک اشارے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ یوگینڈا کی فوج میں تقریباً 45 ہزار اہلکار شامل ہیں، اور جنرل مہوذی ملک کے صدر یووری موسیونی کے بیٹے بھی ہیں۔ ان کے متنازع بیانات سوشل میڈیا پر اکثر خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اس قسم کے بیانات مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں، کیونکہ دیگر ممالک کی ممکنہ شمولیت خطے میں تنازع کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا سکتی ہے۔