آسٹریلیا کے شہر برسبین کے ایک ریسٹورنٹ سے ایک اطالوی اس بنیاد پر نوکری سے نکال دیا گیا کیونکہ اس نے پیزا میں انناس شامل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈیوڈ ٹمبوریلا نامی شیف کو مئی کے مہینے میں لا کوسٹا ریسٹورنٹ سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
شیف کو انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کے ٹھیک دو ہفتے بعد برطرف کیا گیا، اس میٹنگ میں شیف کے رویے کے حوالے سے متعدد شکایات پر بات کی گئی تھی۔
ان شکایات میں سے ایک بڑی شکایت یہ تھی کہ ڈیوڈ ٹمبوریلا نے ایک تقریب میں مہمانوں کو ایک ایسا پیزا پیش کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا جس میں دیگر اجزا کے ساتھ انناس بھی شامل تھا۔
اس وقت شیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ انتظامیہ کی کوئی بھی ایسی ہدایت ’جس سے اس کی ثقافت کی توہین ہوتی ہو اس پر عمل کرنا ضروری نہیں ہے‘۔
اس واقعے کی تفصیلات اس وقت سامنے آئیں جب شیف نے آسٹریلیا کے ‘فیئر ورک کمیشن سے رجوع کیا اور دعویٰ کیا کہ اسے غیر منصفانہ طور پر نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔
منگل کو جاری ہونے والے اپنے فیصلے میں کمیشن نے نوٹ کیا کہ شیف ڈیوڈ ٹمبوریلا کے پیزا پر انناس رکھنے سے انکار کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ ’ایک اطالوی ہونے کے ناطے، وہ پیزا پر انناس رکھنے کو اپنی ثقافت کی توہین سمجھتے ہیں‘۔
کمیشن نے یہ بھی نوٹ کیا کہ گزشتہ چار سالوں میں یہ تیسری بار تھا جب ٹمبوریلا نے پیزا میں انناس استعمال کرنے سے انکار کیا تھا۔ اس سے قبل وہ اپنے باس سے بھی درخواست کر چکے تھے کہ ’وہ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ اطالویوں کے لیے پیزا پر انناس نہ رکھنا کتنی اہمیت رکھتا ہے‘۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ، جہاں یہ ریسٹورنٹ واقع ہے، آسٹریلیا میں انناس کی پیداوار کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور ملک کے تجارتی پیمانے پر اگائے جانے والے تمام انناس اسی ریاست میں پیدا ہوتے ہیں۔
شیف ڈیوڈ ٹمبوریلا کو امید تھی کہ ریسٹورنٹ اس کے ایک ایسے ویزے کو اسپانسر کرے گا جو ہنر مند کارکنوں کو آسٹریلیا میں مستقل رہائش (پی آر) کی اجازت دیتا ہے تاہم ٹربیونل کو بتایا گیا کہ اس کی برطرفی کے بعد ریسٹورنٹ نے اس عمل کو ختم کر دیا۔
مزید پڑھیں:ملک میں فی تولہ سونا 9 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہوگیا
ٹربیونل کے فیصلے کے مطابق شیف ٹمبوریلا اپنی غیر منصفانہ برطرفی کا دعویٰ اس بنیاد پر ہار گئے کہ انہوں نے یہ درخواست بہت تاخیر سے دائر کی تھی۔













جمعرات 5 نومبر 2026 
