کراچی پریس کلب کے باہر کارروائی، 6 قوم پرست رہنما گرفتار، دفعہ 144 نافذ

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

کراچی(نیوزڈیسک) شہر کے حساس علاقے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ساؤتھ پولیس نے کراچی پریس کلب کے باہر کارروائی کرتے ہوئے جئے سندھ قومی محاذ (بشیر قریشی گروپ) کے چھ رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے اور موجودہ حالات کے باعث سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔ اطلاعات تھیں کہ جسقم بشیر قریشی گروپ کی جانب سے ایک اجتماع منعقد کیا جا رہا ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ تھا، اسی لیے پریس کلب کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
پولیس نے پریس کلب پہنچنے والے رہنماؤں کو باہر ہی حراست میں لے کر قریبی تھانے منتقل کر دیا۔ حراست میں لیے گئے افراد میں ڈاکٹر نیاز کالانی، غلام مرتضیٰ، چا کر خان، کاشف اللہ بچایو، آصف بالادی اور پہنل ساریو شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کے حوالے سے مزید کارروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔
دوسری جانب جسقم بشیر قریشی گروپ کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کراچی پریس کلب میں ایک تقریب منعقد ہونا تھی، جہاں قوم پرست رہنما آصف بالادی کی شمولیت کا اعلان کیا جانا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے پریس کلب کا گھیراؤ کر کے رہنماؤں کو باہر ہی حراست میں لے لیا، جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام جمہوری سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے، جبکہ پولیس اسے سیکیورٹی کے تقاضوں کے تحت اٹھایا گیا قدم قرار دے رہی ہے۔